ایل ڈی اے کا غیرقانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن، 94 املاک سربمہر

01-27-2026

(لاہور نیوز) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے کنٹرولڈ ایریا میں غیرقانونی تعمیرات اور کمرشل عمارتوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔

ایل ڈی اے کی ٹیموں نے مختلف علاقوں میں آپریشن کرتے ہوئے 2 غیر قانونی تعمیرات مسمار کیں جبکہ 94 املاک سربمہر کی گئیں، آپریشن سمن آباد، شادباغ، گلبرگ، جوہر ٹاؤن، سبزہ زار اور ڈیفنس روڈ میں کیا گیا۔ سمن آباد میں 2 غیرقانونی تعمیرات مسمار کی گئیں، جبکہ شادباغ میں غیرقانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر 25 املاک سیل کی گئیں، گلبرگ میں 14 املاک سربمہر کی گئیں، جبکہ جوہر ٹاؤن میں 30، سبزہ زار اور ڈیفنس روڈ پر 25 املاک سیل کی گئیں۔ سیل اور سربمہر کی گئی املاک میں نجی سکول، فوڈ پوائنٹ، کیفے، گراسری سٹور، کلینک، فارمیسی، بیوٹی سیلون، آٹو ورکشاپ، پراپرٹی آفس، ہارڈ ویئر اور الیکٹرک سٹور، دکانیں، دفاتر اور دیگر شامل ہیں۔ آپریشن چیف ٹاؤن پلانر اسد الزمان اور چیف ٹاؤن پلانر ٹو اظہر علی کی زیر نگرانی انجام دیا گیا، اس میں ایل ڈی اے انفورسمنٹ ونگ، سیکورٹی اور پولیس  نے بھی حصہ لیا۔ ڈی جی ایل ڈی اے  نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس نہ دینے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی بھی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔