سرکاری گاڑیوں کے غیر ضروری استعمال پر کریک ڈاؤن، لاگ بُک لازمی قرار
01-27-2026
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے سرکاری گاڑیوں کے غیر ضروری استعمال کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا۔
حکومت نے تمام محکموں کو ہدایت کی ہے کہ دو ہفتوں کے اندر اضافی گاڑیاں واپس کی جائیں اور افسران صرف منظور شدہ تعداد کے مطابق ہی گاڑیاں رکھ سکیں۔ حکومت نے لاگ بُک کے استعمال کو لازمی قرار دیا ہے، جس میں ہر سفر کی تفصیل اور فیول کا ریکارڈ درج کرنا ہو گا، لاگ بُک میں کسی بھی قسم کے غلط اندراج کی صورت میں گاڑی کی سہولت معطل کی جا سکتی ہے اور اس کی ریکوری بھی ممکن ہو گی، ہنگامی استعمال کیلئے محکمہ سربراہ کی پیشگی منظوری لازمی ہو گی، جبکہ گاڑیوں کے استحقاق سے متعلق کیسز کیلئے ڈیوی ایشن کمیٹی قائم کی جائے گی۔ ہر محکمے میں گاڑیوں کی نگرانی کیلئے افسر نامزد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ نئی گاڑیوں کی خریداری کیلئے فنانس ڈیپارٹمنٹ کی پیشگی منظوری لازمی ہو گی، منصوبوں کیلئے استعمال ہونے والی گاڑیاں مکمل ہونے کے بعد ٹرانسپورٹ پول میں جمع کرانے کا بھی حکم جاری کیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت نے الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیوں کی خریداری کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے، علاوہ ازیں، کابینہ کے ارکان اور مشیروں کو گاڑیاں صرف ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی منظوری کے بعد فراہم کی جائیں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات سرکاری وسائل کے غیر ضروری استعمال کو ختم کرنے اور بجٹ میں شفافیت لانے کیلئے کئے جا رہے ہیں۔