لاہور میں ٹریفک کے شدید مسائل، کینال روڈ مکمل طور پر جام
01-27-2026
(لاہور نیوز) لاہور کی اہم ترین شاہراہ کینال روڈ پر بدترین ٹریفک جام کے باعث شہری شدید اذیت کا شکار ہو گئے۔
ٹھوکر نیاز بیگ سے جیل روڈ تک گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں جبکہ ٹریفک کئی گھنٹوں تک مفلوج رہی۔ کینال روڈ پر گاڑیاں رینگتی رہیں اور سفر کا دورانیہ معمول سے کئی گنا بڑھ گیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹھوکر سے جیل روڈ تک پہنچنے میں گھنٹوں لگ گئے، جس کے باعث دفتری ملازمین، طلبہ اور مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ صورتحال کے پیش نظر متبادل راستوں پر بھی غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا، جس سے ٹریفک کنٹرول کرنا مزید مشکل ہو گیا، ٹریفک پولیس کی جانب سے لگائے گئے سگنلز اور ڈائیورژن بھی مؤثر ثابت نہ ہو سکے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کینال روڈ پر ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات کئے جائیں تاکہ روزمرہ کی آمدورفت کو بہتر بنایا جا سکے۔