رواں ماہ ہیلمٹ کی خلاف ورزی پر 3 لاکھ 45 ہزار سے زائد شہریوں کو جرمانے
01-27-2026
(لاہور نیوز) صوبہ بھر میں ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزیوں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق رواں ماہ ہیلمٹ کی خلاف ورزی پر 3 لاکھ 45 ہزار سے زائد شہریوں کو جرمانے کئے گئے، جبکہ لاہور میں 49 ہزار سے زائد چالان ٹکٹ جاری کئے گئے۔ ترجمان کے مطابق مؤثر انفورسمنٹ کے باعث صوبہ بھر میں ہیلمٹ کی خلاف ورزیوں میں 85 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ ہیلمٹ کے استعمال سے ہیڈ انجری کے واقعات میں 82 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ اسی طرح رواں ماہ بغیر سیٹ بیلٹ گاڑی چلانے پر 7 ہزار سے زائد چالان ٹکٹ جاری کئے گئے، ترجمان کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزیوں میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ ہیڈ آف ٹریفک پولیس نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزیوں پر بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے واضح کیا کہ ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کی پاسداری کا مقصد صرف چالان کرنا نہیں بلکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ہے۔ محمد وقاص نذیر کے مطابق حادثے کی صورت میں ہیلمٹ کا استعمال سر کو شدید چوٹ سے محفوظ رکھتا ہے، جبکہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور آگاہی مہمات کے باعث شاہراہوں پر نظم و ضبط میں اضافہ ہوا ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ٹریفک قوانین کی پابندی کو اپنی اور دوسروں کی حفاظت کا ذریعہ بنائیں، کیونکہ ٹریفک قوانین کی پاسداری میں ہی ہم سب کی سلامتی ہے۔