فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، کچا روڈ پر واقع کیچپ اور ساسز یونٹ سیل
01-27-2026
(لاہور نیوز) فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کچا روڈ پر واقع کیچپ اور ساسز تیار کرنے والے یونٹ پر چھاپہ مارا، قوانین کی خلاف ورزیوں پر یونٹ کی پروڈکشن بند کر دی گئی۔
کارروائی کے دوران 580 کلو گاجر پلپ، 2 من ساسز ضبط کر لی گئیں جبکہ گرائنڈر، بوائلر، مکسنگ مشین اور چولہے بھی تحویل میں لے لئے گئے، ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق کیچپ اور ساسز کی تیاری میں نان فوڈ گریڈ خام مال استعمال کیا جا رہا تھا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ یونٹ میں حشرات کی بھرمار، گندے اور زنگ آلود برتنوں میں تیاری، جبکہ سٹوریج اور صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پائے گئے، اس کے علاوہ لازم ریکارڈ اور ملازمین کے میڈیکل سرٹیفکیٹس بھی موجود نہیں تھے۔ موقع پر کئے گئے کیچپ کے ٹیسٹ میں پراڈکٹ فیل ہو گئی، جبکہ برکس مقررہ معیار کے منافی پائی گئی، مزید تفصیلی جانچ کیلئے کیچپ اور ساسز کے سیمپلز لیبارٹری بھجوا دیئے گئے ہیں۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق ناقص کیچپ اور ساسز کو دلکش پیکنگ میں تیار کر کے لاہور شہر میں سپلائی کیا جانا تھا، تاہم بروقت کارروائی سے شہریوں کو مضر صحت اشیاء سے بچا لیا گیا۔ دوسری جانب لاہور کے نواحی علاقے میں واقع ایک ڈیری فارم کے خلاف بھی سیمپل فیل ہونے پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔ عاصم جاوید نے واضح کیا کہ صوبہ بھر میں خوراک کا کاروبار صرف پنجاب فوڈ اتھارٹی کے قوانین کے مطابق ہی کیا جا سکتا ہے اور اشیائے خورونوش کی تیاری میں جعلسازی کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مضر صحت خوراک کی شکایت کیلئے فوڈ اتھارٹی ہیلپ لائن 1223 پر فوری اطلاع دیں۔