نجی ہوٹل میں آتشزدگی کا مقدمہ مالک سمیت 6 افراد کیخلاف درج

01-25-2026

(لاہور نیوز) گلبرگ میں واقع نجی ہوٹل میں آگ لگنے کے واقعہ پر لاہور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ہوٹل کے مالک سمیت 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمہ چیف انسٹرکٹر سول ڈیفنس راشد رفیق کی مدعیت میں تھانہ گلبرگ میں درج کیا گیا، مقدمے میں ہوٹل کے مالک ندیم مرزا، فضیل احمد خان، عاطف محمد، کامل خان، بلال شاہ اور محمد مصائب کو نامزد کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق ہوٹل کی بیسمنٹ میں غیر قانونی بوائلر نصب تھا، جسے سوئی گیس کے غیر قانونی کنکشن کے ذریعے چلایا جا رہا تھا، بوائلر چلانے والا شخص ناتجربہ کار تھا، جس کے باعث حادثے کا خدشہ بڑھ گیا۔ ایف آئی آرمیں بھی بتایا گیا ہے کہ ہوٹل انتظامیہ کو اس سے قبل حفاظتی اقدامات مکمل نہ ہونے پر نوٹس جاری کیا جا چکا تھا، تاہم اس کے باوجود غفلت برتی گئی۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ مختلف دفعات کے تحت درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔