وزیراعلیٰ مریم نواز کا پنجاب ڈویلپمنٹ پلان جون 2026 تک مکمل کرنے کا حکم
01-25-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کو مزید خوبصورت، صاف اور جدید بنانے کیلئے جاری پنجاب ڈویلپمنٹ پلان جون 2026 تک مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ نے تمام شہروں میں سیوریج، ڈرینج اور دیگر بنیادی سہولیات کے منصوبے تیزی سے مکمل کرنے پر زور دیا۔ پنجاب ڈویلپمنٹ پلان پر مؤثر عملدرآمد کے لیے صوبائی اور ضلعی سطح پر کنٹرول رومز قائم کیے جائیں گے جبکہ تمام منصوبوں کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف خود بھی منصوبوں کی براہِ راست نگرانی کریں گی۔ گوجرانوالہ کے لیے تاریخ کا سب سے بڑا 42 ارب 62 کروڑ روپے کا ترقیاتی پیکج منظور کیا گیا ہے، جس کے تحت 131 کلومیٹر سیوریج لائن، 2 کلومیٹر ڈرینج لائن، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور 16 مشینری یونٹس فراہم کیے جائیں گے۔ خصوصی اجلاس میں ملتان، ڈیرہ غازی خان، بھکر، وہاڑی، وزیرآباد، گوجرانوالہ، شیخوپورہ اور قصور کے ڈپٹی کمشنرز نے وزیراعلیٰ کو منصوبوں کی پیشرفت پر براہ راست بریفنگ دی۔ پنجاب کے 51 شہروں میں 5887 کلومیٹر طویل سیوریج لائنیں اور 181 ڈرینج لائنیں تعمیر کی جائیں گی۔ ’’مریم نواز کا سوہنا پنجاب‘‘ پروگرام کے تحت 100 کلومیٹر سڑکیں اور گلیاں پختہ کی جائیں گی تاکہ شہریوں کو محفوظ اور باوقار زندگی فراہم کی جا سکے۔ ملتان میں 232 کلومیٹر سیوریج لائن، 81 پمپ، 51 جنریٹر اور 64 کلومیٹر شہری سڑکیں تعمیر ہوں گی، جبکہ بوسن روڈ، نشتر روڈ اور دیگر اہم شاہراہوں کی توسیع اور بیوٹیفکیشن کی جائے گی۔ ڈیرہ غازی خان میں سوا 12 ارب روپے سے سیوریج و ڈرینج سسٹم مکمل کیا جائے گا، بھکر میں جدید سیوریج لائن، سولر ڈسپوزل سٹیشن، پارکس اور واک ویز بنائی جائیں گی۔ وہاڑی، شیخوپورہ اور قصور میں صفائی، بیوٹیفکیشن اور صحت کی سہولیات بہتر بنانے کی خصوصی ہدایات جاری کی گئیں۔ وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام منصوبے شفاف، بروقت اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔