چین کے ساتھ باہمی تعلقات مسلسل آگے بڑھ رہے ہیں: محسن نقوی

01-25-2026

(لاہور نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ باہمی تعلقات مسلسل آگے بڑھ رہے ہیں، ستمبر میں چین کا دوبارہ دورہ کروں گا۔

وفاقی وزیر داخلہ سے چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک چین تعلقات اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، محسن نقوی نے ژاؤ شیرین کی بطور چینی قونصل جنرل خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے کہا کہ سب محسن نقوی کی غیر معمولی رفتار اور کارکردگی کے معترف ہیں، پاک چین دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں آپ کا کردار گراں قدر رہا ہے۔ ژاؤ شیرین کا کہنا تھا کہ پہلے وزیر اعلیٰ پنجاب اور اب وفاقی وزیر داخلہ کی حیثیت سے محسن نقوی نے پاک چین دوستی کو مضبوط بنانے کیلئے غیر معمولی اقدامات کئے، جبکہ پاکستان میں ان کا قیام انتہائی خوشگوار رہا، پاکستان میں قیام انتہائی خوشگوار رہا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ژاؤ شیرین سے بھائیوں جیسا تعلق ہے جو آئندہ بھی برقرار رہے گا، لاہور میں آپ کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔ انہوں نے اپنے حالیہ دورہ چین کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ چینی وزیر پبلک سکیورٹی وانگ ژاؤ ہونگ سے ساڑھے تین گھنٹے طویل ملاقات انتہائی خوشگوار اور سود مند رہی، مشترکہ مفادات کے شعبوں میں باہمی تعلقات مزید آگے بڑھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ستمبر میں دوبارہ چین کا دورہ کروں گا اور اپنے بھائی سے ملاقات کروں گا۔ ملاقات کے اختتام پر محسن نقوی نے چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین کو کھلاڑیوں کے دستخط شدہ بیٹ کا تحفہ دیا، جبکہ ژاؤ شیرین نے محسن نقوی کو چینی صدر شی جن پنگ کی کتاب بطور تحفہ پیش کی۔