بسنت پر لاہور تین زونز میں تقسیم، روڈ سیفٹی کیمپس قائم، سکیورٹی پلان تیار
01-24-2026
(لاہور نیوز) بسنت کے موقع پر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے سیفٹی روڈ کیمپس قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس پر ساڑھے گیارہ کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔
اس حوالے سے ٹریفک حکام نے ضلعی انتظامیہ سے بجٹ کی باضابطہ استدعا کر دی ہے، ذرائع کے مطابق دس لاکھ روپے فی سیفٹی روڈ کیمپ کے حساب سے مجموعی طور پر ساڑھے گیارہ کروڑ روپے کے فنڈز جاری کئے جائیں گے، بسنت کے موقع پر شہر کو تین زونز میں تقسیم کر دیا گیا ہے تاکہ سکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ کو مؤثر بنایا جا سکے۔ اندرون لاہور سمیت 48 علاقے ریڈ زون میں شامل کئے گئے ہیں، اچھرہ سمیت 32 علاقے ییلو زون میں رکھے گئے ہیں،جبکہ لبرٹی سمیت 20 علاقے گرین زون میں شامل کئے گئے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق تینوں زونز کی اہم شاہراہوں پر 100 روڈ سیفٹی کیمپس فعال کر دیئے گئے ہیں، جہاں ضلعی انتظامیہ، ٹریفک پولیس اور ریسکیو ٹیمیں مشترکہ طور پر ڈیوٹی انجام دیں گی، بسنت کے دوران موٹرسائیکل، لوڈر رکشہ اور بغیر ہیلمٹ سوار افراد کا داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا ہے تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔ شہریوں کی سہولت کیلئے انٹر سٹی فری شٹل بس سروس بھی فراہم کی جائے گی، شیخوپورہ، مریدکے اور شرقپور سے فری شٹل بسیں چلائی جائیں گی، جبکہ رائیونڈ اور مانگا سے ٹھوکر نیاز بیگ تک اور قصور سے چونگی امرسدھو تک بھی مفت شٹل بس سروس دستیاب ہو گی۔ انتظامیہ کے مطابق بسنت کے موقع پر شہریوں کیلئے مجموعی طور پر 695 بسیں فری شٹل سروس فراہم کریں گی تاکہ ٹریفک دباؤ کم کیا جا سکے اور شہریوں کو محفوظ سفری سہولت میسر آ سکے۔