بسوں میں وارداتیں کرنے والی جیب تراش خاتون گرفتار

01-24-2026

(لاہور نیوز) بسوں،ویگنوں میں شہریوں کو لوٹنے والی جیب تراش خاتون کو ڈولفن پولیس نے گرفتار کر لیا۔

ترجمان ڈولفن کے مطابق دورانِ پٹرولنگ شہری کی اطلاع پر ملزمہ کو فوری طور پر تحویل میں لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ بس میں سوار ہونے سے قبل معذور ہونے کا ڈرامہ رچاتی اور بزرگ شہریوں کو مدد کے بہانے قریب بلا کر واردات کرتی تھی۔ ایک واقعہ میں بزرگ شہری محمود مدد کے دوران اپنی جیب کٹوا بیٹھا۔ ترجمان کے مطابق ملزمہ نے شہری کی جیب سے 70 ہزار روپے نقدی نکالی، جو بعد ازاں ملزمہ شازیہ کے قبضے سے برآمد کر لی گئی۔ گرفتار ملزمہ کو مزید قانونی کارروائی کیلئے چوکی فردوس مارکیٹ کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس دیگر ممکنہ وارداتوں کی بھی تفتیش کر رہی ہے۔