شناختی کارڈ کہاں اور کب استعمال ہوا؟ نئی ڈیٹا مانیٹرنگ ایپ متعارف
01-24-2026
(ویب ڈیسک) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کے شناختی ڈیٹا کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے نئی ڈیٹا مانیٹرنگ ایپلیکیشن متعارف کرا دی۔
ایپلیکیشن کے ذریعے شہری پہلی بار یہ جان سکیں گے کہ ان کا شناختی کارڈ کہاں، کب اور کس مقصد کیلئے استعمال ہوا۔ نادرا حکام کے مطابق نئی ایپ میں ڈیٹا کے تصدیق کی مکمل تفصیلات دستیاب ہوں گی، جن میں یہ واضح طور پر بتایا جائے گا کہ کس ادارے نے شناختی ڈیٹا کی تصدیق کی، تصدیق کا وقت کیا تھا اور کس نوعیت کی تصدیق کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے شہریوں کو اپنے ذاتی ڈیٹا پر براہِ راست نگرانی کا اختیار حاصل ہو جائے گا، جبکہ شناختی معلومات کے غلط استعمال پر مؤثر کنٹرول بھی ممکن بنایا جا سکے گا۔