پتنگ بازی کے خلاف تین سالہ کارروائیوں کی رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع

01-24-2026

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں بسنت اور پتنگ بازی کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کے دوران پولیس نے گزشتہ تین برسوں میں پتنگ بازی کے خلاف کی گئی کارروائیوں کی تفصیلی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی۔

اس موقع پر سی سی پی او لاہور  نے بھی اپنی علیحدہ رپورٹ جمع کرا دی، پولیس رپورٹ کے مطابق 2024 سے 2026 کے دوران پتنگ بازی کے خلاف مجموعی طور پر 5 ہزار 915 مقدمات درج کئے گئے، سال 2024 میں سب سے زیادہ کارروائیاں ہوئیں، جس دوران 3 ہزار 534 ایف آئی آرز درج کی گئیں۔ سال 2025 میں پتنگ بازی کے خلاف 1 ہزار 918 مقدمات درج ہوئے، جبکہ اس دوران ایک شہری جان کی بازی ہار گیا، سال 2026 میں اب تک 463 مقدمات درج کئے جا چکے ہیں، تاہم اس عرصے میں کسی قسم کا جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔ پولیس کے مطابق گزشتہ تین برسوں میں پتنگ بازی میں ملوث 5 ہزار 270 افراد کو گرفتار کیا گیا، زخمیوں کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2024 میں 10 افراد زخمی ہوئے، 2025 میں 2 افراد زخمی ہوئے، جبکہ 2026 میں اب تک کوئی زخمی نہیں ہوا۔ رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا کہ پولیس  نے تین برسوں کے دوران 90 ہزار سے زائد پتنگیں برآمد کیں، جبکہ خطرناک کیمیکل اور دھاتی ڈور کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 5 ہزار سے زائد ڈوریں ضبط کی گئیں۔ پولیس نے عدالت کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ پتنگ بازی سے متعلق بنائے گئے قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔