سولر پینلز کی قیمتوں میں اچانک بڑا اضافہ، صارفین پریشان
01-23-2026
(ویب ڈیسک) ملک بھر میں سولر پینل پلیٹس کی قیمتوں میں اچانک نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق سولر پینلز کی قیمت میں 10 روپے فی واٹ کے حساب سے اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد قیمت 30 روپے فی واٹ سے بڑھ کر 40 روپے فی واٹ تک جا پہنچی ہے۔ قیمتوں میں اضافے کے باعث سولر سسٹمز کی مجموعی لاگت میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس سے ایک مکمل سولر سسٹم کی قیمت میں 2 لاکھ روپے تک اضافہ ہو گیا ہے۔ نئے نرخ نامے کے مطابق مارکیٹ میں 5 کلوواٹ آن گرڈ سولر سسٹم کی قیمت 6 لاکھ 50 ہزار روپے، 7 کلوواٹ سسٹم کی قیمت 7 لاکھ 50 ہزار روپے، 10 کلوواٹ سسٹم کی قیمت 11 لاکھ روپے، 12 کلوواٹ سسٹم کی قیمت 12 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ 15 کلوواٹ آن گرڈ سسٹم کی قیمت 15 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ قیمتیں آن گرڈ سولر سسٹمز کی بنیاد پر طے کی گئی ہیں، جبکہ ہائبرڈ سولر سسٹم لگوانے کے خواہشمند صارفین کو بیٹریوں کی مد میں اضافی رقم ادا کرنا ہو گی، جس سے لاگت مزید بڑھ جاتی ہے۔