بینائی سے محروم افراد کو خصوصی افراد کی فہرست میں شامل کرنے کا فیصلہ
01-23-2026
(لاہور نیوز) حکومتِ پنجاب نے بینائی سے محروم افراد کو خصوصی افراد کی فہرست میں شامل کرنے کا اہم فیصلہ کر لیا۔
پنجاب خصوصی افراد کو عطائے اختیار (ترمیمی) بل 2025 کو پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بیت المال نے منظور کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب خصوصی افراد کو عطائے اختیار (ترمیمی) بل 2025 حالیہ اجلاس میں پنجاب اسمبلی میں پیش کیا گیا، بل کے متن کے مطابق نابینا افراد کو باضابطہ طور پر خصوصی افراد کی فہرست میں شامل کیا جائے گا، جبکہ اس سے قبل بینائی سے محروم افراد کی واضح تعریف اس قانون کا حصہ نہیں تھی۔ بل میں واضح کیا گیا ہے کہ 3/60 سے کم بینائی رکھنے والے افراد کو خصوصی افراد کی فہرست میں شامل کیا جائے گا، جبکہ مکمل بینائی سے محروم افراد بھی اس فہرست کا حصہ ہوں گے۔ خصوصی افراد کی فہرست میں شامل ہونے کے بعد نابینا افراد کو خصوصی سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا، جس کے ذریعے وہ مختلف حکومتی سہولیات اور سکیموں سے مستفید ہو سکیں گے، سرٹیفکیٹ کے حصول سے نابینا افراد کو روزگار کے مواقع حاصل کرنے میں آسانی ہو گی، جبکہ علاج معالجے اور تعلیم کے شعبے میں بھی خصوصی تعاون فراہم کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق کمیٹی سے منظوری کے بعد بل کو پنجاب اسمبلی سے باقاعدہ منظور کروایا جائے گا، جس کے بعد اس کی حتمی منظوری گورنر پنجاب دیں گے۔