جمعۃ المبارک: آئی جی پنجاب کا صوبہ بھر میں سکیورٹی سخت کرنے کا حکم

01-23-2026

(لاہور نیوز) جمعۃ المبارک کے موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دیئے۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، مارکیٹوں اور دیگر حساس مقامات کی سکیورٹی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور  نے کہا کہ لاہور میں مساجد، امام بارگاہوں، کاروباری مراکز کے اطراف اور شاہراہوں پر پٹرولنگ میں نمایاں اضافہ کیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے، لا اینڈ آرڈر کا قیام اور شہریوں کی جان و مال اور املاک کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ڈی پی اوز سمیت سینئر پولیس افسران فیلڈ میں موجود رہیں اور سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں، تمام افسران اپنے علاقوں میں مؤثر نگرانی کو یقینی بنائیں۔ مزید برآں آئی جی پنجاب نے ہدایت دی کہ پولیس افسران نماز جمعہ کے بعد مساجد میں شہریوں کے مسائل سنیں، سینئر افسران مساجد کے ذریعے شہریوں کے گھر کی دہلیز پر ان کے مسائل سن کر فوری حل کو یقینی بنائیں۔ ڈاکٹر عثمان انور  نے واضح کیا کہ عوام کے تحفظ اور اعتماد کیلئے پولیس اور عوام کے درمیان رابطہ مزید مضبوط بنایا جائے گا۔