لاہور میں بھی بادل برس پڑے، سردی بڑھ گئی

01-22-2026

(لاہور نیوز) ملک بھر کے میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری جاری ہے، پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں بھی بادل برس پڑے، ایبٹ روڈ، لکشمی، گوالمنڈی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی جس کے باعث سردی بڑھ گئی۔

شہر کا موسم ابر آلود ہونے کے ساتھ ساتھ تیز ہوائیں بھی چلنے لگیں، جوہرٹاؤن، جیل روڈ اور ملحقہ علاقوں میں ہلکی بارش، شادمان ،ایوان صنعت وتجارت روڈ ،قرطبہ چوک پر بھی بارش شروع ہو گئی، ٹاؤن شپ، باگڑیاں اور گرین ٹاؤن کے اطراف بھی بوندا باندی ہوئی۔ شہر میں ہونے والی بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام متاثر، بارش کے باعث لیسکو کے 150 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی بند ہو گئی، بجلی کی بندش سے شہری پریشان ہیں، لیسکو انتظامیہ کی جانب سے تمام فیلڈ سٹاف کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔