ایک ارب روپے سے زائد کا اعزازیہ امام مساجد تک پہنچ گیا

01-22-2026

(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے امام مساجد کیلئے اعزازیہ پروگرام کے تحت 10 روز میں 1 ارب روپے سے زائد کا اعزازیہ امام مساجد تک پہنچایا گیا ہے جبکہ اس کا ہدف 20 ارب کی تقسیم سالانہ ہے۔

سیکریٹری داخلہ پنجاب نے کہا کہ آئمہ مساجد میں 25ہزار روپے فی کس ماہانہ اعزازیے کی تقسیم کیلئے صوبے بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر میں خصوصی ڈیسک قائم ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق پنجاب میں اب تک  68 ہزار سےزائد آئمہ مساجد رضاکارانہ طور پر رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔ حکومت پنجاب اعزازیہ پروگرام کی مد میں سالانہ 20 ارب روپے سے زائد رقم خرچ کرنے کا اعلان کرچکی ہے، فروری سے آئمہ مساجد کو خصوصی اعزازیہ کارڈ کے ذریعے ادائیگی کی جائے گی۔  خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز  نے لاہور میں علمائے کرام میں اعزازیہ کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم علمائے کرام اور ائمہ کو ماہانہ 25 ہزار روپے دیں گے۔ جنوری کے آغاز میں لاہور میں اعزازیہ کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ہم  نے رقوم کی آسان اور شفاف ادائیگی کا نظام تشکیل دے دیا ہے، علمائے کرام کی خدمت کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، آئمہ کرام اور حکمرانون کا باہمی تعلق مضبوط ہونا چاہئے۔  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم علمائے کرام، آئمہ کرام اور امام مسجد کو ماہانہ 25ہزار روپے دیں گے، یہ 25 ہزار روپے آپ کیلئے ایک چھوٹا سا نذرانہ اور تحفہ ہے، فروری کے آخر میں امام مسجد کا بینک اکاؤنٹ فعال ہوجائے گا۔ علمائے کرام اور حکومت کے روابط میں خلل سے معاشرے میں خرابی پیدا ہوتی ہے۔