کاہنہ کے قریب سیف سٹی کی گاڑی کو حادثہ، ڈرائیور جاں بحق
01-22-2026
(لاہور نیوز) کاہنہ کے قریب مین فیروز پور روڈ پر سیف سٹی کی گاڑی کو تیز رفتار گاڑی نے ٹکر مار دی، سیف سٹی کا ڈرائیور جاں بحق ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق سیف سٹی کی گاڑی سڑک کنارے کھڑی تھی جہاں سیف سٹی کا ملازم کیمرے کی مرمت میں مصروف تھا، اسی دوران قصور سے لاہور آنے والی ایک تیز رفتار گاڑی نے بے قابو ہو کر سیف سٹی کی گاڑی کو زور دار ٹکر مار دی۔ حادثے کے باعث سیف سٹی کی گاڑی کے ڈرائیور خرم شہزاد شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ واقعے کے بعد پولیس نے تیز رفتار گاڑی کے ڈرائیور عدنان کو موقع سے گرفتار کر لیا، پولیس کے مطابق تھانہ کاہنہ میں جاں بحق ہونے والے خرم شہزاد کی بیوہ شاہدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق خرم شہزاد شاہدرہ کا رہائشی تھا اور گزشتہ پانچ سال سے سیف سٹی میں اپنی کرین چلا رہا تھا، پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی۔