جنرل ہسپتال، ایک سال میں 13 لاکھ سے زائد مریضوں کو طبی سہولیات فراہم
01-21-2026
(لاہور نیوز) جنرل ہسپتال لاہور میں ایک سال کے دوران مجموعی طور پر 13 لاکھ سے زائد مریضوں کو مختلف شعبہ جات میں طبی سہولیات فراہم کی گئیں، جو ہسپتال پر عوام کے غیر معمولی اعتماد اور مؤثر سروس ڈیلیوری کا واضح ثبوت ہے۔
اس عرصے میں 65,057 مریضوں کو ایمرجنسی سروسز کے ذریعے فوری طبی امداد دی گئی جبکہ او پی ڈی میں آنے والے مریضوں کی تعداد 12 لاکھ سے تجاوز کر گئی، مختلف بیماریوں کے علاج کے لیے 24,166 مریضوں کو ہسپتال میں داخل کیا گیا۔ جدید طبی سہولیات کے ذریعے 11 لاکھ 14 ہزار 382 مختلف نوعیت کی سرجریز کامیابی سے انجام دی گئیں، حکومت پنجاب کی عوام دوست پالیسی کے تحت 23 ہزار مستحق مریضوں کو بغیر پرچی فیس علاج کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔ یہ اعداد و شمار لاہور جنرل ہسپتال میں طبی عملے کی محنت، انتظامیہ کی مؤثر حکمتِ عملی اور مریض دوست اقدامات کی عملی تصویر پیش کرتے ہیں، جن کا بنیادی مقصد عوام کو بروقت، معیاری اور باوقار علاج فراہم کرنا ہے۔