پنجاب کونسل آف دی آرٹس کا نیا حکمنامہ، خلاف ورزی پر تھیٹر سیل کرنے کا اعلان
01-21-2026
(لاہور نیوز) پنجاب کونسل آف دی آرٹس نے تھیٹرز کیلئے نیا حکمنامہ جاری کر دیا، جس کے تحت ڈرامہ اوقات کی پابندی نہ کرنے والے تھیٹر ہالز کو سیل کر دیا جائے گا۔
حکمنامے کے مطابق اگر کسی تھیٹر میں سی سی ٹی وی کیمرے بند پائے گئے تو اس صورت میں بھی تھیٹر کو فوری طور پر سیل کیا جائے گا۔ پنجاب کونسل آف دی آرٹس کی جانب سے شہر لاہور سمیت صوبے بھر کے تمام تھیٹرز کو وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق نئے احکامات کا مقصد تھیٹر انڈسٹری میں نظم و ضبط کو یقینی بنانا اور قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروانا ہے۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ تھیٹر مالکان ڈرامہ اوقات اور سکیورٹی انتظامات کی مکمل پابندی یقینی بنائیں، بصورت دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔