ورک ویزے پر بحرین جانے والا شہری آف لوڈ، ایمیگریشن اینڈ پاسپورٹ سے جواب طلب
01-21-2026
(لاہور نیوز) ورک ویزے پر بحرین جانے والے شہری کو آف لوڈ کرنے کے معاملے پر ایف آئی اے اور ایمیگریشن اینڈ پاسپورٹ سے جواب طلب کر لیا گیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں ورک ویزے پر بحرین جانے والے شہری مہران کبیر کو جہاز سے آف لوڈ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس طارق سلیم شیخ نے درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ احد عامر اعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مہران کبیر بحرین میں کام کرتا ہے اور چھٹیاں گزارنے کیلئے پاکستان آیا تھا، 21 اکتوبر 2025 کو وہ بحرین جانے کیلئے فیصل آباد ائیرپورٹ پہنچا، مگر ایف آئی اے حکام نے اسے بتایا کہ اس کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) میں شامل ہے، جس کے باعث اسے جہاز سے آف لوڈ کر دیا گیا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ درخواست گزار کا نام بغیر کسی ٹھوس وجہ کے پی سی ایل میں ڈال دیا گیا، جو غیر منصفانہ اور قانونی طور پر غلط ہے، عدالت سے استدعا کی گئی کہ متعلقہ حکام کو ہدایت دی جائے کہ درخواست گزار کا نام فوراً پی سی ایل سے نکالا جائے تاکہ وہ بحرین جا سکے۔ عدالت نے درخواست پر ایمیگریشن اینڈ پاسپورٹ اور ایف آئی اے کو نوٹسز جاری کر دیئے اور آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا۔