ٹھوکر نیاز بیگ پر کروڑوں کی ری ماڈلنگ کے باوجود ٹریفک مسائل برقرار
01-20-2026
(لاہور نیوز) ٹھوکر نیاز بیگ شدید ٹریفک مسائل کی زد میں ہے، پانچ پانچ لین پر مشتمل کشادہ سڑک کے باوجود یہاں ٹریفک کی روانی بدستور متاثر ہے۔
موٹروے اور سندر جانے والی ٹریفک کیلئے این ایل سی بلڈنگ کے سامنے روڈ بلاک ایک بڑی رکاوٹ بن چکا ہے، سڑک کے عین درمیان رکھی گئی رکاوٹ کے باعث گاڑیوں کی رفتار بری طرح متاثر ہو رہی ہے، جبکہ دیگر شہروں سے لاہور میں داخل ہونے والی ٹریفک کو نیب دفتر کے سامنے پولیس ناکے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ پولیس ناکے کے باعث موٹروے، سندر، مانگا اور ملتان سے آنے والی ٹریفک شدید سست روی کا شکار رہتی ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ پیک آورز کے دوران ٹھوکر نیاز بیگ سے گزرنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہو چکا ہے، خاص طور پر صبح کے وقت لاہور میں داخلے اور شام کے اوقات میں شہر سے اخراج کے دوران صورتحال مزید ابتر ہو جاتی ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ روڈ بلاکس اور غیر ضروری ناکوں کو ہٹا کر ٹریفک مینجمنٹ کو مؤثر بنایا جائے تاکہ اس اہم داخلی راستے پر ٹریفک کی روانی بحال ہو سکے۔