پنجاب بھر میں سپر فلو اور انفلوئنزا میں تشویشناک اضافہ

01-20-2026

(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں سپر فلو، انفلوئنزا اور دیگر وائرل انفیکشنز میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

فلو، کھانسی، چیسٹ انفیکشن، نمونیا اور بخار کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث سرکاری ہسپتالوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ دو روز کے دوران لاہور کے 6 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں 10 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے، میو ہسپتال میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 2700 سے زائد مریض سامنے آئے، جناح ہسپتال میں 24 ہزار سے زائد جبکہ سروسز ہسپتال میں 2300 سے زائد مریض رپورٹ ہوئے۔ اسی طرح جنرل ہسپتال میں 2200 سے زائد، چلڈرن ہسپتال میں 1800 سے زائد جبکہ گنگارام ہسپتال میں بھی 1300 سے زائد مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق سپر فلو کی عام علامات میں نزلہ، زکام، کھانسی، تیز بخار اور سانس لینے میں دشواری شامل ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بچوں اور بزرگوں میں نمونیا کے کیسز میں بھی تشویشناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ کمزور قوتِ مدافعت رکھنے والے افراد سپر فلو سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ طبی ماہرین  نے خبردار کیا ہے کہ بچے، بزرگ، حاملہ خواتین اور دائمی امراض کے مریض ہائی رسک گروپ میں شامل ہیں، انہوں  نے شہریوں کو ماسک کے استعمال، فلو ویکسین اور نمونیا ویکسین لگوانے کی تلقین کی ہے، جبکہ بچوں اور بزرگوں کو مناسب گرم کپڑوں کے استعمال کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔