محفوظ سفر کیلئے 8 لاکھ سے زائد شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا
01-20-2026
(لاہور نیوز) دھند کے باعث ممکنہ ٹریفک حادثات سے بچاؤ کیلئے ٹریفک پولیس پنجاب مکمل طور پر متحرک ہے۔
اس حوالے سے ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر نے کہا ہے کہ دھند کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے تمام سپروائزری سٹاف فیلڈ میں موجود رہا۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کے مطابق شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں، پنجاب بھر میں ٹریفک قوانین پر 100 فیصد عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق رواں ماہ کے دوران 7 لاکھ 18 ہزار سے زائد ٹریفک خلاف ورزیوں پر کارروائی کی گئی ہے، جبکہ صوبہ بھر میں بلا تفریق کارروائیاں جاری رکھنے کے احکامات بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔ ڈی آئی جی وقاص نذیر نے مزید بتایا کہ محفوظ سفر کے فروغ کیلئے ٹریفک پولیس پنجاب کی جانب سے اب تک 8 لاکھ سے زائد شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے جا چکے ہیں، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور محفوظ سفر کو یقینی بنانا ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔