سیلز ٹیکس میں خردبرد، 8 ریسٹورنٹس اور فوڈ پوائنٹس کے ریکارڈ ضبط

01-20-2026

(لاہور نیوز) سیلز ٹیکس کی ادائیگی میں خردبرد اور قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف پنجاب ریونیو اتھارٹی کی انفورسمنٹ ٹیمیں متحرک ہو گئیں۔

 ترجمان پنجاب ریونیو اتھارٹی کے مطابق مختلف شہروں میں کارروائیوں کے دوران 31 مقامات کے سیلز ریکارڈ کی چھان بین کی گئی، کارروائی کے دوران 8 ریسٹورنٹس اور فوڈ پوائنٹس کے سیلز ریکارڈ ضبط کر لئے گئے، جبکہ قوانین کی خلاف ورزی پر 17 کاروباری اداروں کو نوٹسز جاری کئے گئے۔ اسی طرح 6 مارکیز اور شادی ہالز کو ای آئی ایم ایس کے عدم استعمال پر وارننگ نوٹسز بھی جاری کئے گئے ہیں۔ یہ کارروائیاں لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد اور ملتان میں عمل میں لائی گئیں، ترجمان کا کہنا ہے کہ نوٹسز کے باوجود سیلز ٹیکس کی ادائیگی نہ کرنے اور سیلز ریکارڈ میں رد و بدل سامنے آنے پر سخت کارروائیاں کی گئیں۔ ترجمان پنجاب ریونیو اتھارٹی نے واضح کیا کہ عوام کے ادا کردہ ٹیکسز حکومت کی امانت ہیں، جن کی بروقت اور شفاف ادائیگی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، انہوں  نے صارفین سے بھی اپیل کی کہ وہ کسی بھی خریداری کے بعد ای بل لازمی حاصل کریں تاکہ ٹیکس نظام میں شفافیت کو فروغ دیا جا سکے۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی کے مطابق سیلز ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آئندہ بھی بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔