پولیس اہلکار کی ’بسم اللہ‘ پڑھ کر رشوت لیتے ہوئے ویڈیو وائرل
01-20-2026
(لاہور نیوز) لاہور پولیس کے اہلکار کی جانب سے شہری سے رشوت لینے کی ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی ہے۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق رشوت میں ملوث پولیس اہلکار عبدالرحمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے ملازمت سے برخاست کر دیا گیا جبکہ اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کا بھی حکم دیا گیا ہے، اہلکار عبدالرحمان تھانہ راوی روڈ میں تعینات تھا اور اس نے رنگ روڈ پر ایک شہری سے رشوت وصول کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر لاہور پولیس میں زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ ہے، ایک اہلکار کا غلط عمل پوری پولیس فورس کی ساکھ کو متاثر کرتا ہے، ایسے عناصر کیلئے محکمے میں کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اگر کسی بھی پولیس اہلکار کے خلاف شکایت ہو تو فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کریں تاکہ بروقت اور شفاف کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔