برائلر گوشت 595 روپے کلو مقرر، مارکیٹ میں صافی گوشت 670 روپے میں فروخت

01-19-2026

(لاہور نیوز) پولٹری مصنوعات کی قیمتیں بدستور عدم استحکام کا شکار ہیں، جبکہ برائلر کے نرخوں میں کمی نہ ہو سکی۔

سرکاری نرخ نامے کے مطابق برائلر گوشت کی قیمت 595 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم مارکیٹ میں صافی گوشت 670 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ زندہ برائلر کے نرخوں میں بھی استحکام دیکھنے میں نہیں آ رہا ہے، فارم گیٹ پر زندہ برائلر کی قیمت 383 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں زندہ برائلر 397 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے، پرچون بازار میں زندہ برائلر کی قیمت 411 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔ دوسری جانب انڈوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، انڈوں کے نرخ میں 2 روپے فی درجن اضافہ کیا گیا، جس کے بعد انڈوں کی نئی قیمت 335 روپے فی درجن مقرر ہو گئی، مارکیٹ ذرائع کے مطابق انڈے مہنگے ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی ایک پیٹی 9 ہزار 930 روپے میں فروخت ہو رہی ہے، جس کے باعث عام صارفین کی پریشانی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، شہریوں  نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ قیمتوں پر کنٹرول کیلئے مؤثر اقدامات کرے۔