سکول ایجوکیشن اتھارٹیز کی نااہلی، میٹرک و انٹر کے بچوں کے ہیلتھ پروفائلز نہ بن سکے

01-17-2026

(لاہور نیوز) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور اور دیگر متعلقہ اتھارٹیز کی نااہلی کے باعث شہر کے سرکاری و پرائیویٹ سکولوں میں زیر تعلیم میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے بچوں کے ہیلتھ پروفائلز اب تک تیار نہیں ہو سکے۔

ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن  نے متعلقہ اتھارٹیز کو ہدایت کی ہے کہ دو روز کے اندر سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کی تعداد فراہم کی جائے اور فوری طور پر بتایا جائے کہ کتنے فیصد بچوں کے ہیلتھ پروفائلز مکمل کئے جا چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن کی متعدد بار ہدایات کے باوجود ہیلتھ پروفائلز تیار نہیں ہو سکے، تین سال قبل سابقہ دور حکومت میں بچوں کے ہیلتھ پروفائلز بنانے کا عمل شروع کیا گیا تھا جس میں بچوں کی صحت، بینائی، قد اور جسامت کی تفصیلات شامل کی جاتی ہیں۔ مقررہ ڈیڈ لائن میں ہیلتھ پروفائلز کا ڈیٹا فراہم نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ اتھارٹی کے سربراہ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔