کرایہ داروں کا اندراج نہ کرانے پر کارروائیاں، 129 ملزمان گرفتار

01-17-2026

(لاہور نیوز) کرایہ داروں کا اندراج نہ کرانے پر لاہور پولیس کی کارروائیاں تیز ہو گئیں۔

ترجمان لاہور پولیس کے مطابق گزشتہ 15 روز کے دوران کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر 129 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر شہر کے مختلف تھانوں میں 72 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کرایہ داری ایکٹ پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ ٹیننٹ ڈیٹا کی جانچ پڑتال کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری ہے اور کرایہ داری رجسٹریشن کریمنل ریکارڈ یافتہ عناصر کی شناخت میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ سی سی پی او لاہور  نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ کرایہ داری ایکٹ پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، کیونکہ اس قانون کی خلاف ورزی پر بلا امتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ عوام کے تعاون سے ہی جرائم پر مؤثر قابو پایا جا سکتا ہے اور کرایہ داروں کی رجسٹریشن شہر کے امن و امان کیلئے نہایت ضروری ہے۔