صحت کارڈ کا اجرا عوامی خدمت کا تسلسل، دائرہ کار بڑھائیں گے، وزیر اعظم
01-16-2026
(لاہور نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ صحت کارڈ کا اجرا عوامی خدمت کا تسلسل ہے جس کا دائرہ کار ملک بھر میں پھیلا جائے گا۔
وفاقی دارالحکومت میں صحت سہولت کارڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہنا تھا کہ آج ہم سب کے لیے ایک اہم دن ہے، صحت ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ صحت کی سہولتیں ہر شہری کا بنیادی حق ہے، 2016میں نوازشریف نے یہ پروگرام شروع کیا تھا، صحت کارڈ پروگرام صوبوں میں پھیلا،لاکھوں خاندان مستفید ہوئے، صحت کارڈ کا اجرا عوامی خدمت کا تسلسل ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صحت ہوگی توانسان باوقار طریقے سے روزگار کما سکے گا، صحت ہو گی تو کھیلوں کےمیدان میں ملک کا نام روشن کریں گے، صحت ہوگی تو ہر میدان میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے، صحت ہو گی تو مخالفین کو شکست دے سکیں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد، آزاد کشمیراور گلگت بلتستان کے عوام کوسہولت فراہم کی جارہی ہے، امید ہےعوام کے اچھے علاج کو یقینی بنایا جائے گا، سندھ میں بھی اجرا کی تجویزبہت اچھی ہے، وزیراعلیٰ سندھ سے بات کروں گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ سندھ کا صحت کے حوالے سے اپنا کوئی پروگرام ہوگا، وزیر اعلیٰ سندھ صحت اور تعلیم کے حوالے سے بہت متحرک ہیں، وزیراعلیٰ سندھ سے بات کرکے ہم کوئی حل نکالیں گے، الحمدللہ! یہ پروگرام پنجاب میں بڑی تیزی سے جاری ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب میں اس پروگرام پر اربوں روپےخرچ کیے جا رہے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کوبھی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بھی پروگرام جاری ہے۔