گزشتہ سات روز میں 3 ہزار سے زائد بچوں میں نمونیہ کے کیسز رپورٹ

01-16-2026

(لاہور نیوز) خشک سردی اور وائرل انفیکشنز کے باعث بچوں میں نمونیہ کے کیسز خطرناک حد تک بڑھنے لگے ہیں۔

شہر کے پانچ بڑے سرکاری ہسپتالوں میں گزشتہ سات روز کے دوران بچوں میں نمونیہ کے 3 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس پر طبی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق چلڈرن ہسپتال میں گزشتہ سات روز کے دوران نمونیہ سے متاثرہ 920 بچے لائے گئے، سروسز ہسپتال کے پیڈز وارڈ میں 700 سے زائد بچوں میں نمونیہ تشخیص ہوا، جبکہ میو ہسپتال کے چلڈرن وارڈ میں 610 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے، جناح ہسپتال کے پیڈز وارڈ میں نمونیہ سے متاثرہ بچوں کی تعداد 450 سے تجاوز کر گئی، اس کے علاوہ گنگا رام ہسپتال اور جنرل ہسپتال میں بھی متعدد بچوں میں نمونیہ کے کیسز سامنے آئے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق شہر میں فلو، کھانسی، چیسٹ انفیکشن، نمونیہ اور بخار کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کی بڑی وجہ موسم کی شدت اور وائرل انفیکشنز ہیں۔ ایم ڈی چلڈرن ہسپتال کا کہنا ہے کہ ہائی رسک بچوں کو نمونیہ سے بچاؤ کیلئے ویکسین لازمی لگوائی جائے، جبکہ بچوں کو سردی سے محفوظ رکھنے کیلئے مناسب گرم کپڑوں کا استعمال یقینی بنایا جائے۔  ماہرین صحت نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ بچوں میں کھانسی، بخار یا سانس لینے میں دشواری کی صورت میں فوری طور پر قریبی ہسپتال سے رجوع کریں تاکہ بروقت علاج ممکن ہو سکے۔