پاکستان بھر میں کل انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کا امکان
01-14-2026
(ویب ڈیسک) پاکستان بھر میں کل انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کا امکان ہے۔
انٹرنیٹ صارفین کو 15 جنوری کو سست رفتار انٹرنیٹ اور ممکنہ سروس میں تعطل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ ملک کی ایک اہم سب میرین انٹرنیٹ کیبل پر مرمتی کام شیڈول کیا گیا ہے۔ انٹرنیٹ سروس فراہم کنندہ کمپنی نیا ٹیل کے مطابق یہ مرمتی کارروائی دوپہر تقریباً 2:00 بجے شروع ہو گی اور اس میں تقریباً آٹھ گھنٹے لگ سکتے ہیں، جس کے دوران ملک بھر میں انٹرنیٹ کی کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے۔ نیا ٹیل کی جانب سے صارفین کو بھیجے گئے ای میل میں کہا گیا ہے کہ یہ مرمت ایک بین الاقوامی سب میرین کیبل پر کی جا رہی ہے اور ناگزیر ہے۔ اگرچہ کمپنی نے کیبل کی درست جگہ یا خرابی کی تفصیلات فراہم نہیں کیں، تاہم صارفین کو ممکنہ طور پر انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی کا سامنا ہو سکتا ہے، سب میرین کیبلز پاکستان کے بین الاقوامی ڈیٹا ٹریفک کیلئے انتہائی اہم ہیں، اور ان میں کسی قسم کی خرابی براؤزنگ، سٹریمنگ، آن لائن کام اور دیگر ڈیجیٹل خدمات کو متاثر کر سکتی ہے۔