بسنت پر 10 ہزار رکشے اور پبلک ٹرانسپورٹ مفت دستیاب
01-14-2026
(ویب ڈیسک) بسنت کے موقع پر شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے ساتھ ساتھ رکشوں کے سفر کی بھی مفت سہولت دستیاب ہو گی۔
ذرائع کے مطابق شہر میں 10 ہزار رکشے بسنت کے دنوں میں مفت سفر کیلئے فراہم کئے جائیں گے، اس سلسلے میں "ینگو" اور "ان ڈرائیو" کمپنیوں کے ساتھ معاہدے پر پیش رفت جاری ہے، جس کے تحت دونوں کمپنیاں تین دنوں کیلئے رکشے فراہم کریں گی۔ کمپنیوں کی جانب سے رکشوں کی فراہمی کے بدلے بسنت پر مفت اشتہاری مہم چلائی جائے گی، شہر کے مختلف علاقوں میں یہ رکشے دستیاب ہوں گے اور شہریوں کو آن لائن رائیڈ بک کرنے کی ضرورت نہیں ہو گی، مسافر کہیں سے بھی رکشے میں سوار ہو کر شہر کے اندر سفر کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ بھی مفت دستیاب ہو گی اور ڈویژن کے دیگر اضلاع سے بھی لاہور کیلئے خصوصی بسیں چلائی جائیں گی، مفت ٹرانسپورٹ کی یہ سہولت موٹرسائیکل کے استعمال کو کم کرنے اور شہریوں کو محفوظ اور آسان سفر فراہم کرنے کے مقصد سے دی جا رہی ہے۔