مخصوص طبقے کو ٹیکس چھوٹ دینے کا سلسلہ بند ہونا چاہئے: مصدق ملک
01-14-2026
(لاہور نیوز) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک کا کہنا ہے کہ مخصوص طبقے کو سستی بجلی، گیس اور ٹیکس چھوٹ دینے کا سلسلہ بند ہونا چاہئے۔
پاکستان پالیسی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا کہ برآمدات میں ترقی ہی پائیدار ترقی ہے، حکومتی کوششوں سے معاشی اشاریے بہتر ہوئے ہیں، خوشحالی کا واحد راستہ پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہے، ماحول دوست معاشی ترقی وقت کا تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی تب آئے گی جب ہر شہری کو کام کیلئے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں گے، پاکستان میں خوشحالی کا راستہ صرف طاقت اور اثر و رسوخ تک رسائی بن چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت میں نجی شعبے کا اہم کردار ہے، ہر شہری کو کام کرنے کے یکساں مواقع ملنے سے ترقی ہو گی۔ وفاقی وزیر مصدق ملک نے مزید کہا کہ ریاست کو کاروبار چلانے کے بجائے سہولت کار کا کردار ادا کرنا ہو گا، نجکاری کوئی نظریاتی منصوبہ نہیں، مارکیٹ کی خرابیوں کو درست کرنے کا طریقہ ہے۔