رنگ روڈ بیوٹیفکیشن منصوبہ بارے اجلاس، اسفالٹ ورک اور لائٹس کی تنصیب کا جائزہ

01-14-2026

(لاہور نیوز) صوبائی وزیر مواصلات، ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت رنگ روڈ کی بیوٹیفکشن، اسفالٹ ورک اور دیگر ترقیاتی امور پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل اشرف، ایڈیشنل سیکرٹری اور رنگ روڈ اتھارٹی کے افسران نے شرکت کی، اجلاس کے دوران صوبائی وزیر کو رنگ روڈ پر جاری بیوٹیفکشن اور مرمتی کاموں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ رنگ روڈ سے نظر آنے والے پوائنٹس سے 120 ٹرک سولڈ ویسٹ اٹھایا جا چکا ہے اور خراب حصوں کی مرمت کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے، اس کے علاوہ رنگ روڈ کے منظر کو مزید خوبصورت بنانے کیلئے پینٹ کا کام بھی جاری ہے، داخلی و خارجی پوائنٹس اور سروس روڈ کی خوبصورتی پر بھی کام جاری ہے۔ بریفنگ کے مطابق شہریوں کی سہولت کیلئے کیٹ آئیز  کی تنصیب کا عمل بھی جاری ہے، جبکہ رنگ روڈ پر سفر کرنے والوں کیلئے آگاہی سائن بورڈز کو یکسانیت کے ساتھ نصب کیا جا رہا ہے، رات کے وقت سفر کی سہولت کو بہتر بنانے کیلئے خراب لائٹس کو فعال کر دیا گیا ہے اور رنگ روڈ پولیس سے روزانہ کی بنیاد پر لائٹس اور دیگر امور پر رپورٹ حاصل کی جا رہی ہے۔ صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ  نے اس بات کی ہدایت کی کہ رنگ روڈ کے خراب حصوں پر اسفالٹ کو مقررہ درجہ حرارت پر ڈالنے کی خاص توجہ دی جائے اور رنگ روڈ سے نظر آنے والی دیواروں اور ویلجز پر پینٹ کرنے کیلئے ایک مکمل منصوبہ تیار کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لین مارکنگ اور سائن بورڈز میں یکسانیت نظر آنی چاہئے اور پلانٹس کی دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دی جائے۔ صوبائی وزیر  نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق رنگ روڈ کی بیوٹیفکشن اعلیٰ معیار کی ہو گی تاکہ شہریوں کو ایک خوبصورت اور محفوظ سفر کا تجربہ مل سکے۔