صوبہ بھر کے بنیادی مراکز صحت کی ری ویمپنگ، 300 سے زائد مکمل
01-13-2026
(لاہور نیوز) صوبہ بھر میں بنیادی مراکز صحت (فیز ٹو) کی ری ویمپنگ جاری ہے۔
صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت صوبہ بھر میں بنیادی مراکز صحت (بی ایچ یوز) کی فیز ٹو ری ویمپنگ کی پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں سی اینڈ ڈبلیو کے افسران نے کام کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق فیز ٹو میں 515 بنیادی مراکز صحت کی ری ویمپنگ کی جارہی ہے، جن میں سے 300 سے زائد بی ایچ یوز کی ری ویمپنگ مکمل ہو چکی ہے اور باقی مراکز آخری مراحل میں ہیں، جو بی ایچ یوز مکمل ہو گئے ہیں انہیں محکمہ صحت کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر نے منصوبے کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت صحت کے شعبے میں کام کر رہی ہے اور ہسپتالوں کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے مزید کہا کہ نئے ہسپتال بنانے کے ساتھ پرانے ہسپتالوں کی ری ویمپنگ بھی کی گئی ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب خود اس عمل کی مانیٹرنگ کر رہی ہیں۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام کو بہترین صحت کی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔