لاہور سے اغوا ہونیوالی 5 سالہ بچی ساہیوال سے بازیاب، ملزمہ گرفتار
01-13-2026
(لاہور نیوز) پولیس نے لیاقت آباد سے اغوا ہونے والی 5 سالہ بچی ایمان فاطمہ کو ساہیوال سے بازیاب کرکے ایک ملزمہ کو گرفتار کرلیا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے بچی کے اغواء کا نوٹس لے کر ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن شاہد نواز کی سربراہی میں بچی کی بازیابی کے لئے ٹیم تشکیل دی تھی۔ انچارج انویسٹی گیشن تھانہ لیاقت آباد ولید حسین نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کر کے ملزمہ کو گرفتار کرکے بچی کو بازیاب کروایا۔ ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن شاہد نواز کے مطابق بچی کے اغوا کا مقدمہ اسکے والد نے تھانہ لیاقت آباد میں درج کروایا تھا، خاتون ملزمہ بچی کو اغوا کر کے ساہیوال لے گئی تھی، جدید ٹیکنالوجی سمیت ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے ملزمہ کو گرفتار کرکے بچی کو بازیاب کرایا گیا۔ بچی کو اسکے والدین کے حوالے کردیا گیا ہے جنہوں نے بحفاظت بازیابی پر پولیس ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔