سرکاری سکولوں کے سکیورٹی گارڈز تنخواہوں سے محروم، مالی مشکلات میں اضافہ

01-13-2026

(لاہور نیوز) پنجاب بھر کے سرکاری ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں تعینات سینکڑوں سکیورٹی گارڈز گزشتہ تین ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔

سکیورٹی گارڈز کا کہنا ہے کہ وہ باقاعدگی سے ڈیوٹیاں انجام دے رہے ہیں، تاہم اس کے باوجود ان کی تنخواہیں جاری نہیں کی گئیں۔ ذرائع کے مطابق متعدد سکیورٹی گارڈز کے کنٹریکٹس کی مدت بھی ختم ہو چکی ہے اور تاحال ان میں توسیع نہیں کی گئی، جس کے باعث گارڈز شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ سیکرٹری سکول ایجوکیشن کے مطابق سکیورٹی گارڈز کے کنٹریکٹس میں توسیع کیلئے سمری ارسال کر دی گئی ہے، تاہم محکمہ سکول ایجوکیشن کے حکام کا کہنا ہے کہ ساٹھ سال سے زائد عمر کے سکیورٹی گارڈز کے کنٹریکٹس میں توسیع نہیں کی جائے گی۔ سکیورٹی گارڈز  نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر تنخواہوں کی ادائیگی اور کنٹریکٹس کی تجدید کی جائے تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں بلا خوف و خدشات انجام دے سکیں۔