شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس ہائی الرٹ، سخت چیکنگ

01-13-2026

(لاہور نیوز) شہر میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے تمام داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور سخت چیکنگ کا عمل مسلسل جاری ہے۔

پولیس موبائل سکواڈز نے گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کیں، جن کے نتیجے میں مختلف نوعیت کے جرائم میں ملوث 119 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق دورانِ چیکنگ 33 اشتہاری ملزمان، 21 عدالتی مفروران اور 4 عادی جرائم پیشہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران جدید ای پولیس ایپ کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ اس کے علاوہ اسلحہ کی نمائش اور منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن میں بھی کارروائیاں کی گئیں، جن میں 2 ملزمان گرفتار ہوئے۔ پولیس کے مطابق ناکہ جات پر ای پولیس ایپ کے ذریعے 52 ہزار 148 سے زائد افراد کا ریکارڈ چیک کیا گیا جبکہ 59 مشکوک افراد کو حراست میں لے کر متعلقہ تھانوں کے حوالے کیا گیا۔ اسی دوران شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر 5 ہزار 819 گاڑیوں اور موٹر سائیکلز کی بھی جانچ پڑتال کی گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری رہیں گے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔