بھارتی پنجاب سے آلودہ ہوائیں لاہور پہنچنے لگیں، فضائی معیار متاثر

01-13-2026

(لاہور نیوز) شہر میں فضائی آلودگی کی صورتحال پر قابو پانے کیلئے اقدامات جاری ہیں، تاہم سرحد پار سے آنے والی آلودہ ہواؤں کے باعث فضائی معیار متاثر ہو رہا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک جنوب مشرقی ہوائیں بھارتی پنجاب کو اپ ونڈ رکھتی ہیں، جس کے نتیجے میں امرتسر، جالندھر، لدھیانہ اور پٹیالہ کی آلودگی لاہور تک منتقل ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کی اپنی مقامی آلودگی اس وقت کنٹرول میں ہے اور تمام مقامی آلودگی کے محرکات پر ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (EPA) کی مسلسل اور کڑی نظر ہے، لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 153 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ہلکی ہوائیں، زیادہ بادل اور مستحکم فضائی دباؤ آلودگی کے پھیلاؤ میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ محکمہ ماحولیات کے مطابق صبح سے دوپہر تک کمزور مشرقی ہوائیں سرحد پار سے PM2.5 ذرات کی منتقلی جاری رکھیں گی، جس کے باعث فضائی معیار مزید متاثر ہو سکتا ہے، تاہم دوپہر 2 سے 5 بجے کے دوران ہوا کی رفتار میں بہتری اور حکومتی اقدامات کے مشترکہ اثر سے AQI میں وقتی بہتری متوقع ہے، سورج نکلنے کے بعد درجہ حرارت میں اضافے سے فضائی مکسنگ بہتر ہونے اور آلودہ ذرات میں کمی کا امکان ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سموگ ایکشن پلان پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور صنعتی یونٹس کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا ہے، ماحولیاتی سکواڈ فیلڈ میں موجود ہے، چیکنگ پوائنٹس پر گاڑیوں کے اخراج کی جانچ کی جا رہی ہے جبکہ سینکڑوں چالان اور وارننگ نوٹسز جاری کئے جا چکے ہیں۔ اینٹوں کے بھٹوں، فیکٹریوں اور کمرشل یونٹس کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی جاری ہے، تاہم مستحکم موسم اور درجہ حرارت میں الٹ پھیر کے باعث آلودگی کے زمین کے قریب پھنسنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ سینئر صوبائی وزیر  نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ماسک کا استعمال کریں، جبکہ حساس طبیعت کے افراد غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔