لاہور ہائیکورٹ میں سربجیت کور کے خلاف درخواست کے وکیل کو طلبی نوٹس چیلنج
01-12-2026
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں انڈین خاتون سربجیت کور کے خلاف دائر درخواست کے وکیل علی چنگیزی سندھو نے شیخوپورہ پولیس کی جانب سے جاری کئے گئے دوسرے طلبی کے نوٹس کو چیلنج کر دیا۔
درخواست میں آئی جی پنجاب، ڈی پی او شیخوپورہ پولیس سمیت دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست گزار کے مطابق انہوں نے سربجیت کور کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سربجیت کور سے تفتیش کی جائے اور اسے انڈیا واپس بھجوایا جائے۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ مذکورہ معاملہ اس وقت لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے، اس کے باوجود شیخوپورہ پولیس نے دوسری مرتبہ طلبی کا نوٹس جاری کیا جو حقائق کے منافی اور غیر قانونی ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پولیس کی جانب سے جاری کیا گیا دوسرا طلبی نوٹس بدنیتی پر مبنی ہے اور قانون کے دائرہ کار سے تجاوز ہے، درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ شیخوپورہ پولیس کی جانب سے جاری کئے گئے طلبی نوٹسز کو کالعدم قرار دیا جائے۔