سرگودھا: رشتے سے انکار پر بہن قتل، چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کا نوٹس
01-12-2026
(لاہور نیوز) سرگودھا میں رشتے سے انکار پر بھائی کے ہاتھوں بہن کے قتل کا انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے واقعے کا سخت نوٹس لے لیا، حنا پرویز بٹ نے ڈی پی او سرگودھا سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 24 گھنٹوں کے اندر اندھے قتل کا سراغ لگا لیا، مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ آلۂ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ اس موقع پر چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے کہا کہ بہن کو قتل کرنے والا بھائی کسی بھی قسم کی رعایت کا مستحق نہیں، عورت کی مرضی کے خلاف فیصلہ مسلط کرنا ظلم اور سنگین جرم ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے سفاک مجرموں کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دلوائی جائے گی اور متاثرہ خاندان کو مکمل قانونی اور تحفظاتی معاونت فراہم کی جائے گی، تحقیقات میں کسی دباؤ یا مصلحت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ چیئرپرسن نے کہا کہ خواتین کیلئے محفوظ پنجاب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا واضح وژن ہے اور اس وژن کے تحت خواتین کے خلاف تشدد کے ہر واقعے پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔