ہال روڈ سولر مارکیٹ میں کروڑوں کا فراڈ ، 3 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج

01-11-2026

(لاہور نیوز) ہال روڈ سولر مارکیٹ میں کروڑوں روپے کے فراڈ کا معاملہ ، قلعہ گجر سنگھ پولیس نے چار دکانداروں سے مبینہ فراڈ کے الزام میں تین ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ۔

پولیس کے مطابق مقدمہ دکاندار عمیر یوسف کی مدعیت میں درج کیا گیا، جب کہ متاثرین میں عمیر یوسف کے علاوہ عقیل عامر، حسن بلال اور سید ابوذر بھی شامل ہیں۔ مقدمہ امانت میں خیانت کی دفعات کے تحت ملزمان صغیر احمد، صدام حسین اور افضل کے خلاف درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ دکانداروں نے ملزمان کو مجموعی طور پر 1 کروڑ 62 لاکھ 68 ہزار روپے امانتاً دیے تھے، تاہم ملزمان نے نہ تو رقم واپس کی اور نہ ہی طے شدہ سامان فراہم کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دیگر درخواستوں پر بھی قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔