پنجاب میں تعلیمی اداروں کی چھٹیاں ایک ہفتہ بڑھا دی گئیں

01-10-2026

(لاہور نیوز) شدید سردی اور طلبہ کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب کے تعلیمی اداروں کی چھٹیاں ایک ہفتے کیلئے بڑھا دی گئی ہیں۔

اس فیصلے کا اعلان صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اپنے سوشل میڈیا پیج کے ذریعے کیا، وزیر تعلیم کے مطابق یہ فیصلہ عوامی مشاورت اور سوشل میڈیا پر کرائے گئے سروے کی بنیاد پر کیا گیا، جس میں واضح اکثریت نے چھٹیوں میں توسیع کے حق میں رائے دی۔ وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ اب پنجاب بھر کے تعلیمی ادارے 19 جنوری سے دوبارہ کھلیں گے۔ رانا سکندر حیات کے مطابق عوامی سروے میں تقریباً 87 فیصد افراد نے چھٹیوں میں توسیع کے حق میں رائے دی، جبکہ 13 فیصد افراد  نے 12 جنوری کو تعلیمی ادارے کھولنے کی حمایت کی، وزیر تعلیم کے پول میں 19 جنوری کے حق میں 154,178 ووٹ کاسٹ ہوئے، جبکہ 12 جنوری کے حق میں 24,829 ووٹ پڑے۔ وزیر تعلیم کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ موسم کی شدت اور طلبہ کی صحت و حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، انہوں  نے تمام ضلعی چیف ایگزیکٹو افسران (سی ای اوز) کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں فیصلے کے نفاذ کو یقینی بنائیں۔ محکمہ تعلیم کے مطابق تعلیمی اداروں کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جائے گی اور موسم کے حالات کے مطابق آئندہ بھی بروقت فیصلے کئے جائیں گے۔