جعلی مصنوعات تیار، ذخیرہ اور فروخت میں ملوث 3 ملزمان گرفتار

01-10-2026

(لاہور نیوز) ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور نے کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ملزمان رجسٹرڈ کمپنیوں کی جعلی مصنوعات تیار کرنے، ذخیرہ کرنے اور فروخت کرنے میں ملوث پائے گئے۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت شمیم احمد، امجد علی اور کلیم اللہ کے نام سے ہوئی ہے، ملزمان کو لاہور اور ننکانہ صاحب کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے مختلف رجسٹرڈ کمپنیوں کی بھاری مقدار میں جعلی مصنوعات برآمد کی گئیں، ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان جعلی اشیا تیار کر کے مارکیٹ میں سپلائی کر رہے تھے، جس سے صارفین کو دھوکہ اور کمپنیوں کو مالی نقصان پہنچایا جا رہا تھا۔ ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد کی گرفتاری کیلئے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔