پنجاب کے 256 سکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے پر کام شروع

01-09-2026

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے توانائی بحران پر قابو پانے اور تعلیمی اداروں کے اخراجات میں کمی کیلئے صوبے بھر کے 256 سکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کے منصوبے پر عملی کام شروع کر دیا۔

ذرائع کے مطابق اس منصوبے کے تحت ہائر سیکنڈری سکولوں کو سولر سسٹم پر منتقل کیا جائے گا، جبکہ لاہور کے 15 سکول بھی اس سولر منصوبے میں شامل ہیں۔ مجموعی طور پر یہ سولر منصوبہ 5 ہزار 515 کلو واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو گا۔ منصوبے پر 70 کروڑ روپے کی لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جبکہ محکمہ انرجی پنجاب کی زیر نگرانی اس منصوبے کو مکمل کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ مجموعی طور پر 50 آئی وی (IV) اسٹیشنز بھی نصب کئے جائیں گے تاکہ سولر سسٹم کی مؤثر کارکردگی کو یقینی بنایا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف بجلی کے بلوں میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ ماحول دوست توانائی کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔