سی سی پی او کی پاکستان آسٹریلیا سیریز کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات کی ہدایت
01-09-2026
(لاہور نیوز) سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت ماڈل ٹاؤن اور کینٹ ڈویژنز کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں قیامِ امن، کرائم کنٹرول اور پبلک سروس ڈیلیوری سے متعلق اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی کرکٹ سیریز کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بسنت کے موقع پر جاری ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے پیشگی اقدامات کرنے کا بھی حکم دیا اور واضح کیا کہ ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ بلال صدیق کمیانہ نے قماربازی اور دیگر سماجی جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سپروائزری افسران تھانوں کے سرپرائز وزٹس کریں اور ایس ایچ اوز و تفتیشی افسران کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے۔ سی سی پی او لاہور نے اغواء کے مقدمات میں مغوی خواتین اور بچوں کی فوری بازیابی کو یقینی بنانے، فنانشل کرائم کے مقدمات کے حل کیلئے مؤثر کارروائی، جبکہ نقب زنی، رابری اور سنیچنگ کی روک تھام پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ کرائم پاکٹس میں شہریوں کو نجی سکیورٹی گارڈز کی تعیناتی سے متعلق قوانین سے آگاہ کیا جائے اور تمام مقدمات کی بروقت اور معیاری تفتیش کر کے انہیں منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔