پنجاب میں سرکاری ہسپتال معیاری بنانے کا فیصلہ، ہرمریض کو اب انٹرنیشنل لیول کی ادویات ملیں گی

01-09-2026

(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں کو جدید، شفاف اور عوام دوست بنانے کے لیے انقلابی اقدامات کی منظوری دے دی، ہرمریض کو اب انٹرنیشنل لیول کی ادویات ملیں گی ۔

وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں ہیلتھ پراجیکٹس کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جہاں کارکردگی، شفافیت اور مریضوں کی حفاظت کے نئے معیار مقرر کیے گئے۔ دورانِ ڈیوٹی ڈاکٹرز اور نرسز کے موبائل فون کے استعمال پر پابندی پر بھی اتفاق کیا گیا جس کے نتیجے میں پنجاب میں ہر ڈاکٹر،ہر نرس اب اور بھی فوکسڈ ہوگا ۔ وزیر اعلیٰ نے ہسپتالوں کے لیے نئی اور جدید میڈیسن لسٹ مرتب کرنے اور اس مقصد کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کرنے کا حکم دے دیا۔ اب پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ہر مریض کو انٹرنیشنل لیول کی جدید ادویات بروقت فراہم کی جائیں گی۔ ہسپتالوں میں شفافیت اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی گارڈز، وارڈ بوائز، نرسز اور فارمیسی سٹاف کو باڈی کیم لگانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ تمام سرکاری ہسپتالوں میں روزانہ صبح 9 بجے تک مکمل سٹیم کلیننگ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کو جدید طبی سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے چینی ساختہ طبی آلات استعمال کرنے کی اجازت بھی دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے ہسپتالوں میں موجود سکیورٹی کمپنیوں اور گارڈز کے خلاف عوامی شکایات کا سخت نوٹس لیا۔ ان اقدامات کا مقصد سرکاری ہسپتالوں کو خلل، نااہلی، کام چوری، ادویات کی کمی اور عوامی شکایات سے مکمل طور پر پاک کرنا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے واضح ہدایات دی ہیں کہ ہر مریض کی دوا اس کے ہاتھ میں اور بروقت پہنچنی چاہیے، اس مقصد کے لیے ادویات کی فراہمی کا فول پروف نظام نافذ کیا جائے گا۔ بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران اور ڈاکٹرز کے لیے ایم ایس پول قائم کرنے اور صرف کارکردگی کی بنیاد پر تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز کو ہسپتال سروے کی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی جبکہ عوامی فلاحی اقدامات کی افادیت جانچنے کے لیے ڈیٹا اینالیسز سنٹر قائم کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں 2500 سے زائد ڈاکٹرز کو دو سال سے کم عرصے میں روزگار دیا گیا، 5 لاکھ 85 ہزار مریض کارڈیک میڈیسن ہوم ڈیلیوری پروگرام میں رجسٹرڈ ہیں جبکہ ہیپاٹائٹس اور ٹی بی کے 6 ہزار مریضوں کو گھروں پر ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ہم ادویات کے لیے 80 ارب روپے دے رہے ہیں، اس کے باوجود دوا نہ ملنا ناقابلِ فہم ہے، اب عوام کا وقت اور پیسہ ضائع نہیں ہوگا، نااہل اور کام چوروں کو گھر جانا ہوگا۔