جمعۃ المبارک: آئی جی پنجاب کا سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کا حکم
01-09-2026
(لاہور نیوز) جمعۃ المبارک کے موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔
ڈاکٹر عثمان انور کے مطابق مساجد، امام بارگاہوں، کاروباری مراکز کے اطراف اور اہم شاہراہوں پر پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے، انہوں نے واضح کیا کہ لاء اینڈ آرڈر کا قیام اور شہریوں کی جان و مال اور املاک کا تحفظ پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ آئی جی پنجاب نے ڈی پی اوز سمیت تمام سینئر پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ فیلڈ میں موجود رہ کر سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں، اس کے ساتھ ساتھ لاہور سمیت صوبہ بھر میں سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز بھی جاری رکھنے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ پولیس افسران نماز جمعہ کے بعد مساجد میں شہریوں کے مسائل سنیں جبکہ سینئر افسران مساجد کے ذریعے شہریوں کی دہلیز پر جا کر ان کے مسائل سنیں اور فوری حل کو یقینی بنائیں۔ آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام کے تعاون سے ہی امن و امان کی فضا کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔