پنجاب میں پنک گیمز کی تیاریاں، ہزاروں خواتین کھلاڑیوں کی شرکت متوقع
01-08-2026
(لاہور نیوز) پنجاب میں خواتین سپورٹس کے سب سے بڑے ایونٹ کھیلتا پنجاب پنک گیمز کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔
اس سلسلے میں ڈی جی سپورٹس پنجاب خضر افضال چودھری کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایونٹ کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران ڈی جی سپورٹس پنجاب خضر افضال چودھری نے کہا کہ کھیلتا پنجاب پنک گیمز پنجاب میں خواتین سپورٹس کا سب سے بڑا ایونٹ ہے، جس کا انعقاد فروری میں کیا جائے گا، ایونٹ کے انعقاد کیلئے مختلف انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی جا رہی ہیں تاکہ انتظامات کو بروقت اور مؤثر بنایا جا سکے۔ ڈی جی سپورٹس پنجاب کے مطابق کھیلتا پنجاب پنک گیمز میں پنجاب کے تمام ڈویژنز سے ہزاروں خواتین کھلاڑی شرکت کریں گی، جو مختلف کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گی، پنک گیمز کے ٹرائلز کا جلد آغاز کیا جائے گا تاکہ باصلاحیت خواتین کھلاڑیوں کا انتخاب شفاف طریقے سے ممکن بنایا جا سکے۔ ڈی جی سپورٹس پنجاب نے ہدایت کی کہ کھیلتا پنجاب پنک گیمز کے انتظامات میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے اور خواتین کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ یہ ایونٹ خواتین سپورٹس کے فروغ میں سنگِ میل ثابت ہو۔